نئی دہلی،6دسمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) سپریم کورٹ نے سڑکوں پر گڑھوں کی وجہ سے گزشتہ پانچ سال کے دوران ہوئے حادثات میں 14926لوگوں کی موت پر جمعرات کو تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے ناقابل قبول قرار دیا۔جسٹس مدن بی لوکور، جسٹس دیپک گپتا اور جسٹس ہیمنت گپتا کی بنچ نے کہا کہ سڑکوں پر گڑھوں کی وجہ سے اموات کے اعداد و شمارشاید سر حد پر یا دہشت گردوں کی طرف کئے گئے قتل سے زیادہ ہے۔بینچ نے کہا کہ 2013-2017کے درمیان سڑک پر گڑھوں کی وجہ سے موت کے اعداد و شمار صرف یہ ظاہر کرتے ہیں کہ متعلقہ حکام سڑکوں کی مناسب دیکھ بھال نہیں کررہے ہیں۔ہندوستان میں سڑکوں پرگڑھوں کی وجہ سے موت کے معاملے میں سپریم کورٹ کے سابق جج کی عدالت ایس رادھاکرشن کی سربراہی والی سپریم کورٹ کے روڈ سیفٹی کمیٹی کی رپورٹ پرمرکزسے جواب طلب کیا ہے۔عدالت نے اس معاملے کو جنوری میں سننے کیلئے درج کیا ہے۔سپریم کورٹ نے 20جولائی کو موت کے واقعات پر تشویش ظاہر کی کہ ایسے حادثات میں موت کے اعداد و شمار دہشت گردی کے حملوں میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد سے زیادہ ہیں۔